وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا دورہ، خصالہ خورد اڈیالہ انٹرچینج کی سائٹ کا معائنہ کیا

127
Interior Minister Mohsin Naqvi
Interior Minister Mohsin Naqvi

راولپنڈی۔10نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے 25 روز میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا تیسرا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خصالہ خورد اڈیالہ انٹرچینج کی سائٹ کا معائنہ کیا اور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے ارتھ ورک کا معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے کمشنر راولپنڈی اور ایف ڈبلیو او کے حکام کو بھی ضروری ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کو جتنی جلد ممکن ہو مکمل کیا جائے۔رنگ روڈ کی تکمیل سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کو آمدورفت میں بے پناہ سہولت ملے گی۔وزیراعلی محسن نقوی نے 38کلومیٹر طویل پورے روٹ کا فضائی معائنہ کیا اور جاری کاموں کا مشاہدہ کیا۔

وزیر اعلی محسن کوبریفنگ میں بتا یا گیا کہ راولپنڈی رنگ روڈ38.3 کلومیٹر طویل اور چھ لین پر مشتمل ہے۔ رنگ روڈ کے بانتھ اور چک بیلی انٹر چینج پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔وزیراعلی کی ہدایت پر نیسپاک نے رنگ روڈ منصوبے سے متعلق ضروری ڈرائینگ بھی فراہم کر دی ہیں۔

رنگ روڈ کے لئے مطلوبہ اراضی مکمل طور پر کنٹرکشن ورک کے لئے کنٹریکٹر کے سپرد کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیرکے لئے ہیوی مشینری پہنچ گئی، کام پوری تیزی کے ساتھ جاری سب ویز،نکاسی آب کے راستوں اور روڈزسیکشن کی تعمیر شروع ہو چکا ہے۔ایف ڈبلیو اوکے کرنل ایاز نے وزیر اعلی محسن کو بریفنگ دی۔اس موقع پرراولپنڈی کے کمشنر،آرپی او،سی پی او،ڈپٹی کمشنر اور ایف ڈبلیو او کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔