لاہور۔22مئی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ملتان،ڈیرہ غازی خان میں شدید ہیٹ ویو کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا۔ لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی ممکنہ ہیٹ ویو پیش نظر متعلقہ ریسکیو اداروں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے بچوں،بزرگوں اور بیماروں کو گھروں سے بلا ضرورت نہ نکلنے کی ہدایت اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے فارمز کو مویشیوں کے لئے سایہ اور وافر پانی مہیا کرنے کی ہدایت کی اور شدید گرمی میں چھتوں پر پرندوں کے لئے ٹھنڈا پانی رکھنے کی بھی اپیل کی ہے۔
وزیراعلی نے تمام سرکاری ونجی اداروں میں اوپن ایئر سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم دیا اور طلبہ کیلئے تمام کلاس روم میں کم از کم پنکھے فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے سکول انتظامیہ کوطلبہ کے ڈریس کوڈ میں نرمی برتنے کی ہدایت کی اور سکولوں و اداروں میں فرسٹ ایڈ باکس کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے پر ہجوم بازاروں میں سایہ، اوآر ایس ملا پانی، فرسٹ ایڈ کائونٹر اور واٹر کولر فراہم کرنے کا حکم اور بس و ویگن سٹینڈ میں مسافروں کیلئے مناسب سایہ دار جگہ، پانی اور مسٹ فین یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی مریم نواز نے ملتان اور بہاولپور میں کاشت کار بھائیوں کو سخت گرمی کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی اور متعلقہ اضلاع میں ریسکیو 1122 اور ہیلتھ سروسز کو الرٹ رکھنے کا حکم بھی دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600351