لاہور۔13فروری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ضرورت منداور ناداربے گھر افراد کیلئے 3مرلہ کے مفت پلاٹ سکیم کا اعلان کر دیا ۔ اس سلسلے میں پنجاب میں بے گھر افراد کو مفت پلاٹ دینے کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ترجمان ایوان وزیر اعلی کے مطابق پہلے مرحلے میں 22اضلاع میں 33 سکیموں میں 1892 پلاٹ دئیے جائیں گے،
راولپنڈی ڈویژن کے 4اضلاع میں 5سکیموں میں 658،فیصل آباد ڈویژن کے 5اضلاع کی 4سکیموں میں 288،لاہور ریجن کے 3اضلاع کی 5سکیموں میں 518 ،بھکر ریجن کی 7سکیموں میں 131 ،ملتان ریجن کے 5اضلاع کی 9سکیموں میں 270 اوربہاولپور ریجن کی 3سکیموں میں 27تین مرلہ کے پلاٹس دئیے جائیں گے۔ اسی طرح حضرو،اٹک،جہلم،گجرات ، منڈی بہا ئوالدین، چنیوٹ ماموں کانجن،سلانوالی،جھنگ،پتوکی،اوکاڑہ،رینالہ خورد،بھکر،خوشاب،لیہ،وہاڑی،لودھراں،ساہیوال،چیچہ وطنی،فورٹ منرو،راجن پو،بہاولپور اور بہاولنگربھی تین مرلہ سکیم میں شامل ہیں۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے بے گھر نادار افراد کو مفت پلاٹ دینے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کے پاس اپنا گھر میراخواب ہے،نادار اور مستحق لوگوں کا بھی حکومتی وسائل پر حق ہے، مفت پلاٹ کسی پر احسان نہیں ہو گا بلکہ اپنا فرض ادا کررہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=560202