وزیراعلی پنجاب کی ایل ڈی اے سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے بارے میں تفصیلات طلب ،روڈز کی مرمت کی بھی ہدایت

139

لاہور۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ایل ڈی اے سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے بارے میں تفصیلات طلب کر لیں ۔وزیر اعلی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں پر پلاٹ فائل بیچنے کی پابندی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ڈی جی ایل ڈی اے کو 15دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔لاہورمیں روڈز کے گڑھوں کوپر کرنے کیلئے ترقیاتی اداروں کوباہمی اشتراک کے ساتھ جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ اورسی ایم انیشیٹو کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔وزیراعلی کو لاہور شاپ اینڈڈراپ ٹرام وے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 8.2کلومیٹر طویل ٹرام کلمہ چوک، مین بلیوارڈ،حسین چوک،ایم ایم عالم روڈ،منی مارکیٹ اوردیگر علاقوں سے گزرے گی۔5ٹرام بیک وقت چلائی جائیں گی، ہرسٹاپ پر ہر دو منٹ کے بعد ٹرام میسر ہو گی۔کریم بلاک تا موٹر وے خصوصی روڈ کی تعمیر کے پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔داتا نگر فلائی اوور خستگی کے پیش نظر گرانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایل ڈی اے روڈ نیٹ ورک ری سٹرکچرنگ پلان بھی پیش کیاگیا۔اجلاس میں سینیٹرپرویزرشید،سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہدبخاری، وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری،سیکرٹری ہاسنگ، ڈی جی ایل ڈی اوردیگر ارکان بھی موجود تھے۔