
لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں 737 تھانوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی پروجیکٹ کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سمارٹ پولیس سٹیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ پیش کیا گیا اور سمارٹ پولیس سٹیشن میں فراہم کردہ سہولتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی پنجاب نے 40 سمارٹ پولیس سٹیشنز کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی، لاہور میں 23 سمارٹ پولیس سٹیشن پہلے فیز میں بنیں گےجبکہ دیگر اضلاع میں بھی 17 سمارٹ پولیس سٹیشن قائم ہوں گے۔
صوبہ بھر میں مرحلہ وار روایتی تھانے،سمارٹ پولیس سٹیشن میں بدل دئیے جائیں گے۔ انہوں نےتھانے کے لئے اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی، سمارٹ پولیس سٹیشن کے لئے اراضی کی منتقلی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں پولیس افسروں اور ملازمین کے لئے 313 گھروں کی تعمیر کے پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آ ف ریونیو، ایڈیشنل آئی جی، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیر ات و مواصلات، سی سی پی او، سی ٹی او، ایس ایس پی ایڈمن اور دیگر پولیس حکام بھی موجود تھے۔