وزیراعلی پنجاب کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے تعداد پوری نہیں،مستعفی ہوں،وزیر داخلہ را نا ثنا اللہ

113
وفاقی وزیر داخلہ کی ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت
وفاقی وزیر داخلہ کی ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

لاہور۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وز یر د اخلہ را نا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان اعتماد کا ووٹ لینے پر بضدہیں لیکن وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی اعتماد کا ووٹ لینے سے گریزاں ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کے پاس نمبر پورے نہیں ہیں، عمران خان کا ہدف اسمبلیا ں توڑنا نہیں بلکہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر نا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کے روز پنجاب اسمبلی کے با ہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پنجاب اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت نہ دکھا سکے جبکہ ہمارے پاس اراکین پورے تھے،پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایسی حکومت کی طرف سے بلایا گیا جس کے پاس اکثریت نہیں، اگر ان کے پاس اکثریت ہوتی تو یہ ایوان میں دکھائی دیتے، یہ کوشش کرتے رہے کہ ان کے نمبر پورے ہوجائیں، جب یہ نمبر پورے نہیں کرسکے تو اجلاس کومنگل تک ملتوی کردیا ،

ان کے پاس 186 کا مطلوبہ نمبر نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس بلا کر دوبارہ دائو لگانے کی کوشش کریں گے مگر ان کا دائو نہیں لگے گا، میں چوہدری پرویزالہی سے کہوں گا کہ ان کے پاس اکثریت نہیں وہ مستعفی ہو جائیں۔وزیر داخلہ نے مطالبہ کیا کہ اعتمادکے ووٹ کے اجلاس کی صدارت پینل آف چیئرمین کا نیوٹرل بندہ کرے یا عدالت کسی کو مقرر کرے، اعتمادکے ووٹ کے اجلاس کی صدارت اسپیکر سبطین خان کریں یہ ہمیں قبول نہیں، پرویزالہی اعتماد کا ووٹ لینے کے بجائے مستعفی ہوں یا رن آف الیکشن کی طرف جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے حمزہ شہباز ہی وزارت اعلی کے امید وار ہوں گے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اِس وقت وزیر اعلی کے امیدوار کو تبدیل کرنا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یقیناً اسٹیبلشمنٹ اس وقت کسی کی حمایت نہیں کررہی اور غیر سیاسی ہے۔

عمران خان سے متعلق رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک جماعت اور ایک شخص اس ملک کی سیاست پر مسلط کردیا گیاہے اوراس کا مقصد اسمبلیاں توڑنا نہیں بلکہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے، عمران خان ایک فتنہ ہے اور قوم نے ووٹ سے اس کا علاج نہ کیا تو یہ ملک کو کسی حادثہ سے دوچار کردے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیرآباد کیس میں ملزم نوید ہی اصل ملزم ہے اور اس کے آگے پیچھے کسی کا ہاتھ نہیں ، احسن اقبال پر بھی جس شخص نے حملہ کیا تھا وہ بھی جنونی تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی جو رپورٹیں بناکر پیش کررہے ہیں وہ جعلی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری ایک بہتر سیاسی سوچ رکھتے ہیں مگر ان کی سنتا کوئی نہیں۔