وزیراعلی چودھری پرویز الہی سے آسٹریلیئن ہائی کمشنر نیل ہاکنگس کی ملاقات،وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی

164
وزیراعلی چودھری پرویز الہی سے آسٹریلیئن ہائی کمشنر نیل ہاکنگس کی ملاقات،وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی

لاہور۔3اگست (اے پی پی):وزیراعلی چودھری پرویز الہی سے وزیراعلی آفس میں آسٹریلیاء کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگس نے ملاقات کی،آسٹریلین ہائی کمشنر نے وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر چودھری پرویزالہی کو مبارکباد دی اور اسٹیٹ آف آرٹ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر پر وزیراعلی کے ویژن کو سراہا،

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک آسٹریلیاء دو طرفہ تعلقات کے فروغ، صحت، تعلیم،زراعت، لائیوسٹاک، سپورٹس اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، علاوہ ازیں پولیس اور دیگر محکموں کے افسروں کی تربیت کے لئے ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا،

وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان او رآسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات قائم ہیں، میرے سابقہ دور میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات کی گئیں، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں آسٹریلیا کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے،

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی و سماجی شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا، زراعت، ڈیری ڈویلپمنٹ اور لائیوسٹاک میں آسٹریلیا کو بہت مہارت حاصل ہے اور ان شعبوں میں آسٹریلین ماڈل سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی آسٹریلیا کیلئے سرمایہ کاری کیلئے گراں قدر مواقع موجود ہیں،

پاکستان اور آسٹریلیا کے کلچرل وفود کے تبادلوں سے بھی تعلقات میں اضافہ ہو گا، آسٹریلین ہائی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے ، شراکت داری بڑھائیں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں گے، رکن قومی اسمبلی مونس الہی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔