22.2 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیراعلی کی ہدایت پر کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال سیلاب سے...

وزیراعلی کی ہدایت پر کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال سیلاب سے متاثرہ دور دراز علاقوں میں پہنچ گئے

- Advertisement -

لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ ہیلتھ کا عملہ بھی سیلاب زدگان کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ سیلاب سے متاثرہ ہر ضلع میں کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال دور دراز علاقوں میں پہنچ گئے۔ وزیراعلی کی ہدایت پرسیلاب متاثرہ علاقوں میں 392-میڈیکل ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے۔ میڈیکل ٹیموں نے درختوں کی چھا وں میں ٹینٹ لگا کر علاج معالجہ شروع کر دیا ہے۔ عوام سڑک کنارے چار پائیوں پر بیٹھے ڈاکٹراور طبی عملے کو دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔سیلاب متاثرہ علاقوں میں مفت طبی ٹیسٹ کی سہولت بھی دی جارہی ہے۔ماں اور بچے کی صحت کیلئے ڈاکٹر، ایل ایچ وی اور دیگر عملہ بھی ہمہ وقت موجودہے۔ دوردراز علاقوں میں متعین کلینک آن ویل میں الٹراساو نڈ،ایکسرے اور دیگر سہولت بھی دی جارہی ہیں۔

ہر ڈسٹرکٹ میں طبی عملہ سیلاب متاثرین کی خدمت میںسرگرم عمل ہیں۔ ڈاکٹر اور طبی عملہ بعض مقامات پر بوٹس میں سوار ہوکر سیلابی ریلے میں گھرے عوام کے علاج معالجہ کے لئے پہنچ رہے ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں مرد، خواتین اور بچوں کے امراض کی تشخیص اور مفت ادویات کی فراہمی کی جارہی ہے۔اٹک، میانوالی، لیہ، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں فیلڈ ہسپتال اور عملہ متحرک ہے۔ جہلم، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہا الدین، سرگودھا، چینوٹ اور جھنگ میں بھی کلینک آن ویل موجود ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، بہاولنگر میں بھی سیلاب زدگان کو علاج کی سہولت دی جارہی ہیں۔ اوکاڑہ، قصور،پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ننکانہ،لاہور، شیخوپورہ اور نارووال کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی کلینک آن ویل پہنچادیئے گئے ہیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں