مظفرآباد۔19اپریل (اے پی پی):وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی و چئیر مین آزادجموں وکشمیر ٹاسک فورس سردار ضیاء القمر کی زیر صدارت آزادکشمیر میں موسمیاتی تبدیلیوں اور خشک سالی سے نمٹنے کے لیے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں وزرائے حکومت سردار عامر الطاف اور چوہدری محمد رشید ، سیکرٹری انوائرنمنٹ وممبر سیکرٹری آزادجموںوکشمیر ٹاسک فورس برائے موسمیاتی تبدیلی عامر محمود مرزا، سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈی عامر لطیف اعوان،سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان خورشید، ڈائریکٹر ای پی اے شفیق عباسی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے ڈاکٹرسردار محمد رفیق خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی اے سحرش،عابد حسین پی این ڈی ڈی،چیف ایگزیکٹو آفیسر این ڈی آر ایم ایف بلا ل انور، این ڈی آر ایم ایف سے مبشر حسین، ریجنل کو آرڈینیٹر ایکٹ انٹرنیشنل مدثر شیخ،صدر ایکو آصف رضا میر، ایکٹ انٹرنیشنل کے متین سعید اور مسٹر مبشر سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری ماحولیات عامر محمود مرزا نے شرکاء میٹنگ کو بدلتے موسم اور پانی کے قدرتی ذرائع میں رونما ہونے والی تبدیلیوںکے بارے میں شرکا کوتفصیلی بریفنگ دی، گزشتہ ادوار میں تسلسل کے ساتھ موسیماتی تبدیلیوں، زیر زمین اور زمین پر رواں پانی کے محفوظ ذرائع سمیت ، بدلتیدرجہ حرارت اور مستقبل کے لیے ممکنہ درپیش خطرات بارے شرکا کو تفصیلی طور پر آگا ہ بھی کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اریگیشن ، لوکل گورنمنٹ ، فزیکل پلاننگ ہائوسنگ، یونیورسٹریز ، جنگلات ، ہائیر ایجوکیشن ودیگر متعلقہ محکمہ جات کو سات دن کے اندر موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ایکسپرٹ گروپ قائم کیے جائیں گے جو کہ ایک ماہ کے اندر اپنے اپنے سیکٹر سے متعلقہ رپورٹ بنا کر آزادجموںوکشمیر ٹاسک فورس برائے موسمیاتی تبدیلی کو پیش کرنے کے پابند ہو ں گے۔ آزادجموںوکشمیر ٹاسک فورس برائے موسمیاتی تبدیلی ان سیکٹرز کی رپورٹ کو دیکھ کر تفصیلی روڈ میپ واضح کرے گی اور حکام بالا کو پیش کر ے گی۔