وزیرا عظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف کی ملاقات، وزیرخارجہ نے ایرانی قیادت کا وزیرا عظم کے لئے نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا

122
APP56-24 ISLAMABAD: MAY 24 - Foreign Minister of Iran Javad Zarif called on Prime Minister Imran Khan. APP

اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی)وزیرا عظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے جمعہ کو ملاقات کی ۔ وزیرخارجہ نے ایرانی قیادت کا وزیرا عظم کے لئے نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم کے حالیہ دورہ ایران سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں وزیرا عظم عمران خان نے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ شاندار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورہ ایران کے دوران ہونے والے مختلف فیصلوں پر فوری عملدرآمد کی ضرورت ہے جس سے تمام شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ پاک ایران سرحد پر سکیورٹی سے متعلقہ امور، نئی بارڈر مارکیٹس کے قیام ،مقامی سطح پر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور نئے بارڈر پوانٹس کھولنے سمیت عوام اور زائرین کی نقل وحرکت کی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سیاست اور اقتصادی شعبہ میں فعال تعلقات ڈویلپ ہوںگے ۔علاقائی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ خطے میں کشیدگی میں اضافہ پہلے سے ہی کشیدگی کے شکار خطے میں کسی کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام طرفین کو موجودہ صورتحال میں کمی لانے کیلئے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسائل کے عالمی قوانین کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے اور سفارتی کوششوں سے حل کیلئے کاوشیں کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں اپنے دوستانہ تعلقات کو استعمال میں لاتے ہوئے برادر ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے تعاون پر تیار ہے ۔