لاہور۔23اپریل (اے پی پی):وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اجتماعی شادیوں کے فلاحی اقدام” دھی رانی” پروگرام کے دوسرے مرحلہ کے تحت محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام میانوالی میں 53 مستحق جوڑوں کی اجتما عی شادیوں کی تقریب نجی شادی ہال میں منعقدہ ہو ئی۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سما جی بہبود و بیت المال سہیل شوکت بٹ تھے۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر کا استقبال ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد جاوید گورائیہ اور سابق ایم پی اے ملک فیروز جوئیہ نے کیا۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ، ملک فیروز جوئیہ، جنرل سیکرٹری پی ایم ایل این حکیم ایو ب قریشی اور ڈپٹی کمشنر نے نوبیاہتا جوڑوں کی نشستوں پر جا کر سلامی اور تحائف کی رقوم کے اے ٹی ایم کارڈزتقسیم کئے اور نیک تمنائوں کا اظہار اورانہیں مبارکباد پیش کی۔وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے ہر جوڑے کو 2لاکھ 22ہزار روپے کے تحائف دیئے گئے۔ نوبیاہتا جوڑوں نے سلامی اور تحائف کی فراہمی پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیر اعلی پنجاب کا تاریخ ساز اقدام ہے جس کی ما ضی میں کہیں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے دھی رانی پروگرام لانچ کر کے والدین کیلئے ایک شفیق بیٹی اور قوم کی ان بیٹیوں کیلئے ایک شفیق ماں کا کردار ادا کیا۔
انھوں نے کہا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت اس سال 3 ہزار سے زائد جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کرائی گئیں جو تکمیل کے آ خری مراحل میں ہیں جبکہ اگلے سال ان شا اللہ اس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے 5ہزار جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کرائی جائیں گی ۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ ، ڈپٹی ڈائر یکٹر سوشل ویلفیئر ڈاکٹر ملک محمد نا صر، ڈائر یکٹر ایڈمن سوشل ویلفیئر پنجاب فیض نعیم وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر این جی اوز صفدر عباس کے علاوہ جوڑوں کے والدین اور فیملزنے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586743