وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا ایپکا کی تقریب حلف برداری سے خطاب

116
APP27-16 MULTAN: March 16 – Foreign Minister Makhdoom Shah Mehmood Qureshi addressing during oath taking ceremony of the newly elected cabinet of the All Pakistan Clerks Association (APCA) at Arts Council. APP photo by Qasim Ghauri

ملتان ۔16مارچ(اے پی پی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمو دقریشی نے کہاہے کہ بھارت نے اگرمیلی آنکھ سے پاکستان کی جانب دیکھا توہم آنکھ پھوڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔میں نریندرمودی سے کہتاہوکہ لالہ جی ذراسوچ کے اس جانب دیکھنا یہ پرانانہیں نیاپاکستان ہے ۔ہمارے نئے جذبے ہیں نئے ولولے ہیں اوریہ پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوںنے ملتان آرٹس کونسل میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا)کی تقریب حلف برداری کے موقع پراظہارخیال کے دوران کیا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ قوم کو خبردارکرنامیری ذمہ داری ہے۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ وزارت خارجہ میرے لئے نئی نہیںہے اس سے پہلے لاہور میں تین افراد کے قتل پرمیں اس وزارت سے استعفیٰ دے چکاہوں اللہ پاک نے مجھے یہ ذمہ داری دوبارہ سونپی ہے دعاکریںوہ مجھے سرخرو کرے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان کے خلاف تانے بانے بنے جارہے ہیںاوراسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان میں اب ایساحکمران آگیاہے جوسرجھکاکرنہیںسراٹھاکرچلتاہے اورجب قومیں سراٹھاکرچلنے کافیصلہ کرلیتی ہیں توپھر انہیں اس کی قیمت بھی اداکرناپڑتی ہے ۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ جب ہم ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کریں گے تووہ آپ کو کمزورکرناچاہیں گے وہ آپ کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے سیاہ لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کریں گے ۔وہ آپ کی معیشت کوکمزورکریں گے تاکہ ہمارے گھٹنے لگ جائیں اورپھروہ اپنی خارجہ پالیسی منواسکیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ اس وقت مسلح افواج ہائی الرٹ پرہیں،مودی اپنی جیت یقینی بنانے کےلئے ہم پرکوئی بھی وارکرسکتاہے۔وہ شب خون مارسکتاہے ،ہمیں مکمل یکجہتی کے ساتھ دشمن کوجواب دیناہے ۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چھاچھڑوگیاتھا۔سندھ کایہ علاقہ پاک بھارت سرحد پرواقع ہے اورمیں یہ پیغام دینے گیاتھاکہ اگرہماری جانب امن کاہاتھ بڑھایاگیاتوہم تھام لیں گے اوراگرمکادکھایاتوتوڑدیں گے۔یہی پیغام میں آج مدینة الاولیاسے دے رہاہوں ۔ہم نے یہ پیغام مظفرآبادکے راستے سری نگر تک اوراٹاری اورواہگہ کے راستے نئی دہلی تک پہنچاناہے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ اس مرتبہ 23مارچ ماضی کے مقابلے میں زیادہ جوش وجذبے کے ساتھ منایاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہم ان شہیدوں کوسلام پیش کرتے ہیں جنہوںنے اس ملک کی حفاظت کےلئے اپنی جانوں کی قربانی دی سلام پیش کرتے ہیں پائلٹ حسن صدیقی اورونگ کمانڈر نعمان علی کو جنہوںنے بھارتی طیارہ مارگرایا۔ہمیں فخرہے اپنی افواج پراوران ماﺅں پرجنہوںنے ایسے سپوت پیداکئے۔پاکستان کے حکمران تیارہیںعوام اورہم سب اپنی افواج پاکستان کے ساتھ مل کراس کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے۔ہماری مسلح افواج اورعوام ایک ہیں ،پاکستان اس وقت بڑے نازک مرحلے سے گزررہاہے ہمارے خلاف جارحیت کی یلغارہورہی ہے اس کاعملی نمونہ ہم نے 26فروری کو دیکھا جب بھارتی جہازوںنے بالاکوٹ میں بم برسائے۔بہت سے قوتیں ہیںجن کی نظروں میں پاکستان کھٹک رہاہے ،مجھے احساس ہے کہ پاکستان کے خلاف کیا تانے بانے بنے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ آج سے پہلے تحریک انصاف کی صرف ایک صوبے خیبرپختونخواہ میں حکومت تھی پنجاب میں ن لیگ ،اورسندھ میں پیپلزپارٹی برسراقتدارتھی ۔ان ساری حکومتوں کاموازنہ کریں تومعلوم ہوتاہے کہ بہتری صرف خیبرپختونخواہ میں دیکھنے میں آئی ہے اگرہم نے ایک صوبے میں عوام کومایوس نہیں کیا توپاکستان میں بھی مایوس نہیں کریں گے ۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ کل ایک بہت دردناک واقعہ نیوزی لینڈ کی دومساجدمیں پیش آیاجس میں ایک پاکستانی زخمی اور9لاپتہ ہیں میں شکرگزارہوں ان سب ملکوں کاجنہوںنے اس واقعے کی مذمت کی۔ہم پاکستان میں ہرمذہب ہرفرقے کی عبادت گاہوںکی حفاظت کرتے ہےں ان ممالک کابھی فرض ہے کہ وہ مساجد کی حفاظت کریں مسجدیںرہتی دنیا تک آباد رہیں گی۔تقریب کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ایپکا کے مرکزی صدر بنارس خان جدون جنرل سیکرٹری خالد جاوید اوردیگرعہدیداروں سے حلف لیا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ کلرکوں کے جوبھی مسائل ہوں گے میں آپ کانمائندہ بن کرحل کراﺅں گا۔تقریب میں چاروں صوبوںاورآزاد کشمیر سے ایپکاکے نمائندوں نے بری تعدادمیں شرکت کی ۔