ملتان ۔16 مئی (اے پی پی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے جمعرات کے روز کسی پروٹوکول کے بغیر موٹرسائیکل پر سوارہوکر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل معلوم کیے۔ وزیرخارجہ نے روزے کے دوران ایک موٹرسائیکل سوار کے ساتھ بیٹھ کر محلہ شریف پورہ، عثمان پورہ، شاہین آباد اوردیگر علاقوں کی یونین کونسل 17،18 اور19کا دورہ کیا۔وہ تنگ گلیوں میں کئی مقامات پر پیدل چلتے ہوئے بھی غیرمتوقع طورپر لوگوں کے گھروں میں پہنچے اور ان سے غیررسمی تبادلہ خیال کیا۔ وزیرخارجہ نے اپنے حلقے کے بعض لوگوں کے گھروں میں جاکر ان کے پیاروں کی وفات پراظہارتعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے لوگوں کے مسائل سنے اور انہیں فوری طورپر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مختلف مقامات پر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والا نیا بلدیاتی نظام حکومت لوگوں کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ علاقے کے لوگ ماضی میں جدید دور کی سہولتوں سے محروم رہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے موجودہ دور حکومت میں ہی جنوبی پنجاب صوبہ قائم ہوجائے گا۔اس کے نتیجے میں نہ صرف یہ کہ لوگوں کے مسائل حل ہوںگے بلکہ ان کی محرومیاں بھی ختم ہوںگی۔انہیں مسائل کے حل کےلئے دور دراز سفر نہیں کرناپڑے گا۔انہوں نے کہاکہ وزارت خارجہ کے مصروف شیڈول کے باوجود میں ملتان کی عوام کے لیے وقت نکالتا ہوں۔میری اولیاءکے شہر کے لوگوں کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے اورکوئی بھی عہدہ مجھے ان سے دور نہیں کرسکتا۔وزیرخارجہ نے این اے 156 کا دورہ جمعرات کی صبح دس بجے شروع کیا جو شام چاربجے تک جاری رہا۔ وہ بعد ازاں حلقے میں افطارپارٹی میں بھی شریک ہوںگے۔وزیراعلی کے معاون خصوصی حاجی جاوید اخترانصاری اور حلقے کی اہم شخصیات بھی ان کے ساتھ تھیں۔