اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پائیدارمعیشت اوراقتصادی نمو کیلئے غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، یواے ای کے سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے ملاقات میں کہی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات پرروشنی ڈالی گئی اور باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں بارے تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، ریفائنری، پیٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں روابط استوارہیں تاہم دوطرفہ اقتصادی تعاون کے حوالہ سے اب بھی وسیع استعدادموجودہے اس حوالے سے وزیر خزانہ نے کئی ایسے شعبہ جات کی نشاندہی کی جس میں دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔
وزیر خزانہ نے اپنے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات اور ابوظہبی ہولڈنگ کمپنی اور انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کی انتظامیہ کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتوں کا حوالہ دیا۔ملاقات میں بتایاگیا کہ دونوں کمپنیوں نے موجودہ حکومت کی جاری معاشی پالیسیوں پر اعتماد اور اور توانائی، زراعت، صحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات موجودہ حکومت کی طرف سے ملک کی ترقی کیلئے اختیارکردہ اقتصادی پالیسیوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں معیشت کے نئے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے اس حوالہ سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے نیک نیتی اور تعاون کے لیے شکریہ کے جذبات کا اظہار کیا اور مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی امید ظاہر کی۔