وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈار کی امریکی نائب سیکرٹری خزانہ والے ایڈی ایموسے بات چیت

106
Ishaq Dar

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت توانائی کے شعبے اور کیپٹل مارکیٹ سمیت تمام شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کراکر معیشت کوپائیدار استحکام اورنمو کی طرف لے جانے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کوامریکی نائب سیکرٹری خزانہ والے ایڈی ایموسے ورچوئل بات چیت میں کی۔ وزیر خزانہ نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امریکہ کے ڈپٹی سیکرٹری کو ملک کے معاشی منظرنامہ سے آگاہ کیا اور کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت توانائی کے شعبے اور کیپٹل مارکیٹ سمیت تمام شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کراتے ہوئے معیشت کو استحکام اور ترقی کی طرف لے جانے پر توجہ دے رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے امریکی نائب سیکرٹری خزانہ کو بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے معیشت کو درست راستے پر گامزن کرنے کے لیے حکومت کی معاشی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے 9ویں جائزہ پر آئی ایم ایف مشن کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

امریکہ پاکستان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے امریکہ کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو بڑھانے اور گہرا کرنے کی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا۔ امریکی نائب سیکرٹری خزانہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے معاشی اور مالی استحکام کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگرام پر اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اپنی حمایت اور تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کااظہارکیا۔ وزیر خزانہ نے حمایت اور تعاون پرامریکی نائب سیکرٹری خزانہ کاشکریہ اداکیا۔