وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، یکم جنوری 2022 سے احساس کفالت کے تحت ماہانہ مشاہیرہ میں 166 روپے اضافہ کرنے کی منظوری

71

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یکم جنوری 2022 سے احساس کفالت کے تحت ماہانہ مشاہیرہ میں 166 روپے اضافہ کرنے اور تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن کی جانب سے انڈیکسیشن پالیسی برائے کیش ٹرانسفرکی منظوری دیدی گئی ہے، اجلاس میں کئی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کااجلاس پیرکویہاں وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن کی جانب سے انڈیکسیشن پالیسی برائے کیش ٹرانسفرکی منظوری دی گئی اوربی آئی ایس پی کوبی آئی ایس پی کے احساس کفالت سے مستفید ہونے والوں کوکیش ٹرانسفرکے فوائد منتقل کرنے کیلئے ادارہ جاتی طریقہ کاروضع کرنے کی اجازت دی گئی۔

اس اقدام سے مستفید ہونے والوں کو اضافی 166 روپے ماہانہ کا فائدہ ہوگا۔جو طریقہ کاروضع کیاجائیگا اس میں ایک کمیٹی شامل ہوگی، سیکرٹری خزانہ کمیٹی کی صدارت کریں گے، کمیٹی کے دیگرممبران میں ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن، وزارت خزانہ کے اقتصادی مشیر، اور ایک ممبرمنتخب کیاجائیگا جو آزادانہ تکنیکی ایڈوائس دے گا۔ کمیٹی تین سالوں میں بی آئی ایس پی کے باقاعدہ کیش فوائد جیسے احساس کفالت پروگرام پرافراط زرکی وجوہات کے حوالہ سے اپ ڈیٹ وایڈجسٹمنٹ کے حوالہ سے سفارشارت اورتجاویز دے گی، کمیٹی احساس کفالت پروگرام کے علاوہ بی آئی ایس پیکے دیگرپروگراموں کے کے کیش ٹرانسفرپراپ ڈیٹ اورایڈجسٹمنٹ کے حوالہ سے بھی سفارشات تیاراورمنظورکرانے کی مجازہوں گی۔

ای سی سی نے یکم جنوری 2022 سے احساس کفالت کے تحت ماہانہ مشاہیرہ میں 166 روپے اضافہ کرنے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں وزارت ہاوسنگ وتعمیرات کے تین منصوبوں کیلئے اضافی فنڈز کے تقاضوں کوپوراکرنے کیلئے 75 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔وزارت ہاوسنگ وتعمیرات کیلئے 43 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، اجلاس میں اطلاعات ونشریات ڈویژن کو تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعہ پی ایس ڈی پی کے تحت 17.633 روپے مالیت کے فنڈز کی دوبارہ تخصیص کی اجازت دی گئی جبکہ وزارت داخلہ کیلئے 30 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، اجلاس میں وزارت نارکوٹکس کنٹرول کیلئے 5 ملین روپے، وزارت سائنس وٹیکنالوجی کیلئے 317 ملین روپے اورایسٹبلشمنٹ ڈویژن کیلئے54 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کے نان گزیٹڈملازمین کی ایماپروزارت خزانہ کے گروپ انشورنس فنڈ میں کنٹری بیوشن رقم کی مد3369.62 ملین روپے کے بقایا جات کی منظوری بھی دی گئی۔