وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیر صدار ت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کااجلاس، وزارت غذائی تحفظ کو گندم کے اسٹریٹجک ذخائر بہترین طریقے سے برقرار رکھنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت

148

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کو ملک میں گندم کے اسٹریٹجک ذخائر کو بہترین طریقے سے برقرار رکھنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کی کوششوں اور ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں، وزیر خزانہ نے ملک میں دالوں کی خوردہ اور ہول سیل قیمتوں میں فرق پر تشویش کا اظہار کیا اور وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کو استحصال کرنے والے عناصر کے خلاف تحقیقات اور مناسب کارروائی کی ہدایت کی ہے تاکہ درآمدی دالوں کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جاسکے۔

انہوں نے یہ ہدایات بدھ کویہاں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کی۔  وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری صنعت و پیداوار، سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق، صوبائی چیف سیکرٹریز، اقتصادی مشیر وزارت خزانہ، ممبر پی بی ایس، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن، چیئرپرسن مسابقتی کمیشن، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان ، ممبر کسٹمز ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزارت خزانہ کے اقتصادی مشیر نے شرکا کو صارفین کیلئے قیمتوں کے ہفتہ واراشاریہ ایس پی آئی کے حوالہ سے بریفنگ دی جس میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.06 فیصد کی ریکارڈکی گئی جو اس اسے پچھلے ہفتہ میں 0.43 فیصد کم ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران 20 جنوری 2021 کوختم ہونے والے ہفتہ میں روزمرہ استعمال کے 7 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 24 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیاگیا۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران مرغی کی قیمت میں 7.74 فیصد، پیاز 4.47 فیصد، آلو1.89 فیصد، انڈے 1.67 فیصد، دال مونگ 0.89 فیصد اورچینی کی قیمت میں 0.39 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی،۔ اس کے برعکس ٹماٹرکی قیمت میں 35.27 فیصد، لہسن 3.79 فیصد، ماچس کی ڈبیاں 3.10 فیصد، ڈیزل 2.09 فیصد، پیٹرول 2.07 فیصد، جلانے کی لکڑی 2.01 فیصد، بیف 1.60 فیصد، دال چنا 1.52 فیصد، مٹن 1.45 فیصد اورکیلا کی قیمت میں 1.03 فیصدکا اضافہ ہوا۔گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں دال مونگ کی قیمت میں 27.20 فیصد، سرخ مرچ پاوڈر6.71 فیصد، ٹماٹر6.04 فیصد اورپیاز کی قیمت میں 1.47 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

ملک میں بارشوں کے باعث ٹماٹر جیسی جلدخراب ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔اجلاس کے شرکا کو آٹے کی قیمتوں کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملک میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام ہے۔ تاہم آٹے کی قیمتوں میں معمولی تبدیلی بارش اور دھند کی وجہ سے سپلائی میں رکاوٹ کی وجہ سے ہوئی۔ اجلاس میں ملک میں گندم کے سٹاک کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ گندم کے وافر ذخائر موجود ہے۔

وزیر خزانہ نے گندم کے وافر ذخائر کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیرخزانہ نے مستقبل میں کسی بھی مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کو ملک میں گندم کے اسٹریٹجک ذخائر کو بہترین طریقے سے برقرار رکھنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں چینی کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیاگیا اور وزارت صنعت و پیداوار کو ملک میں چینی کے اسٹریٹجک ذخائر کے قیام اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں دالوں کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا، اجلاس کوبتایا گیاکہ مونگ کی دال کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا ہے جبکہ چنے، ماش اور مسور کی دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے، پاکستان زیادہ تردالیں درآمد کررہاہے اور دنیا میں دالوں کی کم پیداوار، شرح مبادلہ میں فرق اور مال برداری کے اخراجات میں میں اضافے کی وجہ سے دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہواہے ۔

وزیر خزانہ نے ملک میں دالوں کی خوردہ اور ہول سیل قیمتوں میں فرق پر تشویش کا اظہار کیا اور وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیقکو استحصال کرنے والے عناصر کے خلاف تحقیقات اور مناسب کارروائی کی ہدایت کی تاکہ درآمدی دالوں کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جاسکے۔ اجلاس میں ملک میں خوردنی تیل کی قیمتوں پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا ء نے قیمتوں میں اضافے پر تشویش ظاہر کی اوربتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کو ملک میں خوردنی تیل کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے درآمد کے متبادل اختیارات تلاش کرنے کی حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کے شرکاء کو ملک بھر میں سستا اور سہولت بازاروں میں رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء کی دستیابی کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیر خزانہ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کی کوششوں اور ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر زور دیا۔