وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل کی قیادت میں پاکستانی وفد کی واشنگٹن میں ملاقاتیں

120

واشنگٹن ۔22اپریل (اے پی پی):وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل کی قیادت میں پاکستان کے وفد نے جمعہ کو واشنگٹن میں مصروف دن گزارا۔وفاقی وزیرنے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے انتظامی ڈائریکٹروں سے ملاقات کی، اس موقع پروزیرمملکت برائے خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، سیکرٹری خزانہ،گورنرسٹیٹ بینک ڈاکٹررضاباقر، امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعودخان اوردیگرسینئرحکام بھی موجود تھے، ملاقات میں پاکستان اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان امورکاجائزہ لیاگیا۔

وزیرخزانہ کی قیادت میں پاکستان کے وفد نے یوایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اورامریکاکے درمیان تجارت، معیشت اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات اوردونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کے امکانات کاجائزہ لیاگیا، وزیرخزانہ نے کونسل کے وفد کوملک کی معاشی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا اورکہا کہ حکومت معاشی چیلنجوں پرقابوپانے میں پرعزم ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کاروباراورسرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول کی فراہمی کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری رہے گا۔پاکستانی وفد نے پاکستان کے سفارت خانہ میں کریڈٹ ریٹنگ کے بین الاقوامی اداروں موڈیز اورسٹینڈرڈز اینڈپوئرز کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیرخزانہ آج اٹلانٹک کونسل کی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔