وزیرداخلہ محسن نقوی امریکی کانگریس مینز کے وفد کے ہمراہ سکھ برادری کی خوشیوں میں شرکت کیلئے کرتار پور راہداری پہنچ گئے

98
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی امریکی کانگریس مینز کے وفد کے ہمراہ سکھ برادری کی خوشیوں میں شرکت کیلئے کرتار پور راہداری پہنچ گئے۔وفد میں امریکی کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی، امریکی کانگریس مین جوناتھن جیکسن، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز شامل تھیں۔ محسن نقوی اور امریکی وفد کا درشنی ڈیوڑی کے باہر سکھ برادری کی سرکردہ شخصیات نے پرتپاک استقبال کیا اور پھول پیش کئے۔

محسن نقوی، امریکی کانگریس مینز تھامس رچرڈ سوازی اور جوناتھن جیکسن نے بیساکھی میلے کی سکھ برادری کو مبارکباد دی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور امریکی کانگریس مینز کے وفد نے گوردوارہ صاحب کا دورہ کیا۔بابا گرونانک دیو جی سے وابستہ مختلف اشیاء دیکھیں۔ وفد کو گوردوارہ صاحب کرتا رپور کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔وفد نے گوردوارہ صاحب میں دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور تاریخی کنواں بھی دیکھا۔ وفد کو سروپا پہنایا گیا اور کرپان پیش کی گئی۔ محسن نقوی اور امریکی وفد سے بھارت سے آئے سکھ یاتریوں نے ملاقات کی۔سکھ برادری نے محسن نقوی اور امریکی کانگریس مینز کے وفد کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔ محسن نقوی اور امریکی کانگریس مینز خصوصی طور پر لنگر ہال گئے اور سکھ برادری کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔

امریکی کانگریس مینز کے وفد نے کرتار پور راہداری اور گوردوارہ صاحب میں سہولتوں کو سراہا۔ امریکی کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی نے کہا کہ سکھ برادری کے میلے میں شرکت کرکے دلی خوشی ہوئی۔کرتار پور راہداری اور گوردوارہ صاحب میں پاکستان نے سکھ یاتریوں کے بہترین انتظامات کئے ہیں۔

امریکی وفد نے پاکستان کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو سراہا۔محسن نقوی اور امریکی وفد نے زیرو پوائنٹ کا بھی دورہ کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لئے بہترین سہولیات مہیا کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سکھ یاتریوں کے لئے ویزا کے حصول کو آسان بنایا ہے۔چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ سکھ یاتری پاکستان آئیں اور اپنے مقدس مقامات پر جائیں۔ پاکستانی محبت کرنے والے اورپرامن لوگ ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔