اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں خوارج کی فائرنگ سے شہید 4 سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے جری سپوتوں نے بہادری کے ساتھ 6 خوارج کو جہنم واصل کیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ یوم آزادی پر وطن عزیز کے امن کے لئے قیمتی جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔
انہوں نے جنوبی وزیرستان میں خوارج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 4 سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سےدلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ۔ محسن نقوی نے کہا کہ حوالدار نثار حسین، نائیک رشید گل، نائیک عرفان اللہ خان اور سپاہی عثمان نے شہادت کا بلند رتبہ پایا، وطن کے جری سپوتوں نے بہادری کے ساتھ 6 خوارج کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ خوارج کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے والے سپوت قوم کے ہیرو ہیں، یوم آزادی پر وطن عزیز کے امن کے لئے قیمتی جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔