وزیرداخلہ محسن نقوی کی بنوں میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

38

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

بدھ کو اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے جام شہادت نوش کرنے والے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وطن کے امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔

قوم شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔\