نارووال۔5 مئی(اے پی پی) وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) باتوں پرنہیں بلکہ عمل پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پارٹی منشور پرعملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہیں جتنی بھی انتقامی کارروائیاں مسلم لیگ(ن) کے خلاف کرلی جائیں عوام آئندہ انتخابات میں ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کو ووٹ دیں گے اور اس بات پر ریفرنڈم ہوگا کہ2018ءکا پاکستان 2013ءسے بہتر ہے یا نہیں، قومیں پالیسیوں کے تسلسل ، جدید انفراسٹرکچر، جدید انسانی وسائل،توانائی، امن اور مثبت سوچ کے ساتھ ترقی کرتی ہیں، آج جن ممالک کی ترقی کی مثالیں دے کر ہمیں لیکچر دیئے جاتے ہیں اگر وہاں بھی کوئی عمران خان پیدا ہوجاتا تو شاید وہ ملک ترقی نہ کر پاتے، ملک دشمن قوتیں سی پیک کے خلاف اربوں روپے خرچ کررہی ہیں تاکہ پاکستان ترقی نہ کرسکے،یہ وقت ٹانگیں کھینچنے کا نہیں بلکہ قدم سے قدم ملا کر چلنے کا ہے ، نارووال کے عوام توانائی پر مبنی کارکردگی اور ایل این جی ٹرمینل کی تکمیل پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نارووال میں لاہور سیالکوٹ موٹروے لنک روڈ کے منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔