اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیرستان اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے خدشات کی پوری طرح شنوائی ہو گی، جمعہ کو ان کیمرہ اجلاس میں بریفنگ دی جائے گی۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں وزیرستان اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ ان کے خدشات پر مبنی ان کی بات کی پوری طرح شنوائی ہو گی اور ان کو پوری طرح مطمئن کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قومی اسمبلی کو جمعہ کے دن ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی، ارکان چاہیں گے تو وہ سوالات بھی کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قطعاً کوئی ایسی بات نہیں ہو گی جس سے صورتحال خراب ہو بلکہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔