اسلام آباد۔ 03 اپریل(اے پی پی)وزیرمملکت اطلاعات،نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اورتحریک انصاف کو اداروں کی تذلیل اور انھیں دباﺅ میں لانے سے گریز کرنا چاہئیے ،عمران خان اپنی جماعت کے غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے حسابات دینے کی بجائے پھر الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کو چیلنج کررہے ہیں ، عمران خان جواب دینے کے بجائے سوال کرتے ہیں اور جب ان سے سوال کیا جائے تو گالی دیتے ہیں، تحریک انصاف کی بیرونی ڈونرز سے ملنے والی فنڈنگ شفاف ہے تو انہیں الیکشن کمیشن کو اس کا تحریری جواب دینا چاہئیے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک انصاف کی پارٹی فنڈنگ اور پی ٹی آئی کے خلاف توہین عدالت کیس کی الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی اور اس دوران عمران خان کے وکیل انور منصور نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کو چیلنج کیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ جن چیزوں میں شفافیت نہیں ہوتی یا انھیں چھپایا جانا مقصود ہوں تو ان کے بارے ایسے ہی بیانات دیے جاتے ہیں، عمران خان اس سے قبل بھی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے دائرہ کار کو چیلنج کرچکے ہیں۔ وزیرمملکت نے کہاکہ جب بھی عمران خان سے جواب مانگا جاتا ہے تو ان کا یہی رویہ ہوتا ہے،وہ استثنی بھی مانگتے ہیں اور دائرہ کار کو چیلنج بھی کرتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ وہ سڑکوں اور جلسوں میں کھڑے ہو کر حکومت اور اداروں کے خلاف نعرے بازی بھی کرتے ہیں لیکن جب اپنی بات ہو تو تلاشی دینے سے انکار کرتے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ دوسالوں سے الیکشن کمیشن جب بھی تحریری جواب طلب کرتا ہے تو عمران خان کے وکیل وقت مانگتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے پارٹی اکاﺅنٹس متنازعہ ہیں تو اس بات کو قبول کریں اور لکھ کر دیں اور اس کے بعد دائرہ کار کو چیلنج کریں ورنہ اداروں کی تذلیل اور انھیں دباﺅ میں لانے سے گریز کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=49086