
اسلام آباد ۔ 06 فروری (اے پی پی)وزیرمملکت اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے امیج کو بہتر بنانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے ‘وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پروزارت اطلاعات و نشریات پی ٹی وی اور پرائیویٹ میڈیا کی صحافی برادری کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیت کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے ‘میڈیا انڈسٹری اپنی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی کی خبر کی خصوصی اہمیت کو یقینی بنائیں ‘ایچ ڈی معیار کے حامل چینلز نے قیام سے اب تک کا دور کامیابیوں سے مکمل کیا ہے ۔وہ پیر کی رات نجی ٹی وی چینل کی دوسری سالگرہ کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کر رہیں تھیں ۔میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز ‘منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان مسعود ملک اورایگزیکٹو ڈائریکٹر سہیل علی خان کے علاوہ دیگر مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے نجی ٹی وی چینل کی دوسری سالگرہ پر ٹی وی چینل کے مالکان ‘انتظامیہ ‘رپورٹرز ‘کیمرہ مینز اور معاون سٹاف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میڈیا کی ترقی کے لئے ساز گارماحول فراہم کر رہی ہے ‘میڈیا کی ترقی حکومت کی ترقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ڈی معیار کے پرائیویٹ ٹی وی چینل نے بہت کم عرصے میں ترقی کی ہے یہ دوسرے ٹی وی چینلز کے لئے رول ماڈل ہے ۔