وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے نیشنل ہسپتال فیصل آباد میں 12 بیڈز پر مشتمل نئے کوروناوارڈ کا افتتاح کردیا

72

فیصل آباد۔22مئی (اے پی پی):وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کے روز نیشنل ہسپتال جناح کالونی فیصل آباد میں 12بیڈز پر مشتمل نئے کورونا وارڈ کا افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی توجہ انسانی ترقی پرہے جس کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب30 سال تک کے نوجوانوں کی ویکسی نیشن شروع ہو چکی ہے اورپاکستان میں این آئی سی ادارہ چائنہ کے ساتھ مل کر ویکسین پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اچانک یہ وبا سامنے آئی توحکومت کوکووڈ 19 میں بڑے چیلنجز کا سامنا تھا جبکہ کورونا کے مریضوں کے ٹیسٹوں کیلئے پی سی آرلیبز کی بھی کمی تھی مگر حکومت نے اس پر دن رات کام کیا اور اب 50 ہزار ٹیسٹ روزانہ کئے جا رہے ہیں اسی طرح وسیع پیمانے پر تیاری کے باعث فیس ماسک بھی انتہائی کم قیمت پردستیاب ہیں نیزکورونا کیٹس کی پیداواربھی شروع کرنے سمیت ہم ماسک اور کورونا کٹس ایکسپورٹ بھی کر رہے ہیں۔

 

فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے وینٹی لیٹرز کے ماڈل پاس ہوئے اوروہ پاکستان میں بننا شروع ہوگئے ہیں۔وزیرمملکت نے کہا کہ کورونا کی وبا کے حوالے سے پرائیویٹ ہسپتالوں کا کردار بھی بہت اہم ہے کیونکہ اس طرح زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ایک ہی وقت میں طبی سہولیات بہم پہنچائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں اور عوام کے تعاون سے کورونا وبا کا گراف نیچے آیا ہے لیکن کورونا ابھی ختم نہیں ہوااسلئے عوام احتیاط کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 12کروڑ آبادی کیلئے ہیلتھ کارڈ 31 دسمبر 2021 تک فائنل ہوجائیں گے جس سے ہر شخص کو10 لاکھ روپے تک علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہوگی۔

قبل ازیں ایم ایس نیشنل ہسپتال ڈاکٹر زعیم اسلم نے وزیرمملکت کو ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اورہسپتال میں آنیوالے مریضوں کوفراہم کی جانیوالی علاج معالجہ کی سہولیات بارے بتایا۔انہوں نے بتایاکہ نیشنل ہسپتال دیگر پرائیویٹ ہسپتالوں کی نسبت نہایت کم چارجز پر مریضوں کا علاج کر رہا ہے اور اسے مخیر حضرات کا مالی تعاون بھی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں جدید مشینری، قابل ڈاکٹر اور نرسزسمیت تمام شعبوں میں ٹرینڈ سٹاف موجود ہے جو لوگوں کو ہیلتھ سروسز فراہم کر رہا ہے ۔