وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب

179
APP54-30 ISLAMABAD: November 30 - Minister of State for Information, Broadcasting and National Heritage Ms. Marriyum Aurangzeb speaks during her visit at National Press Club. APP photo by Irfan Mahmood

اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے، اس سلسلے میں ضروری قانون سازی کی جارہی ہے۔ بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں میڈیا پروفیشنلز کی استعداد کار میں اضافہ پر کوئی توجہ نہ دی گئی، وزارت میڈیا پروفیشنلز کی تربیت پر توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر صحافیوں کے تحفظ اور سلامتی کیلئے ایک مسودہ بل تیار کیا گیا ہے اور جلد اس کی نقول پریس کلبوں اور میڈیا کے اداروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو بھیجی جائیں گی۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ بل میں بہتری کیلئے تجاویز دیں تاکہ یہ ایک جامع قانون بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کیلئے مناسب قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔ وزیرمملکت نے کہا کہ جرنلسٹس انڈﺅنمنٹ فنڈ کا قیام بل کا حصہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دورجدید میں میڈیا کا ایک اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے تحت مقدمات کی جلد سماعت ہوگی اور متاثرہ خاندانوں کیلئے معاوضے بھی دیئے جائیں گے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا ادارتی کمیٹیوں کو مزید فعال بنائے تاکہ ازخود احتسابی نظام قائم ہوسکے۔ اطلاعات تک رسائی کے بل کے متعلق انہوں نے کہا کہ اسے جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روڈنیٹ ورک اور سی پیک کی وجہ سے ملک کی اہمیت اجاگر ہورہی ہے، ہمیں قومی مفادات کو سربلند رکھنا چاہئے۔ قبل ازیں پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ اور نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے صحافی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔