اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آسٹریلیا اورپاکستان کے پارلیمانی گروپ کو مل کر کام کرنا چاہئے تاکہ اقوام متحدہ کی جانب سے متعین کردہ ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آسٹریلیا پاکستان پارلیمانی گروپ کے ارکان کے اعزاز میں آسٹریلوی ہائی کمشنر کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے فرینڈشپ گروپ کی جانب سے اپنے اراکین کیلئے پیش کردہ مواقع سے استفادہ کرنے پر زوردیا جن میں دوروں سے فائدہ اٹھانے اور پارلیمانی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات کے استفادہ کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے تعلیم، نوجوانوں کی ترقی،انسانی وسائل اور استعداد کار میں اضافہ کیلئے تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ کیلئے ذیلی پارلیمانی گروپوں کی تشکیل کی بھی تجویز دی۔ انہوں نے پاکستان کی پارلیمنٹ کے سٹاف کی پیشہ وارانہ ترقی کیلئے آسٹریلوی ہائی کمیشن کے تعاون کی بھی تعریف کی، آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن نے وزیرمملکت مریم اورنگزیب کی بطور کنوینر پاکستان آسٹریلیا پارلیمانی گروپ خدمات کو سراہا اور انہیں وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ بننے پر مبارکباد دی وزیرمملکت نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمانی گروپ کے تبادلے سے پاکستان کے عوام کی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔