اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو درست سمت پر گامزن کر دیا ہے اور وہ زندگی کے ہر شعبے میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک ایماندار شخص ہیں جس کی وجہ سے بین الاقوامی برادری ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتی ہے اوراب وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن ا قدام کر رہی ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جو لوگ حکومت کے غربت کے خاتمے کے منصوبہ پر تنقید کر رہے ہیں انہوں نے اپنے ادوار حکومت کے دوران غربت کے خاتمے کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا ہر ایک کا آئینی حق ہے تاہم احتجاج آئینی حدود و قیود میں رہتے ہوئے کیا جانا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے پاس بڑی سیاسی تحریک شروع کرنے کے لئے سٹریٹ پاور نہیںہے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی معیشت کو تباہ کیا جس کی قیادت نے بڑے پیمانے پر کرپشن کی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے سرکاری خزانے کو لوٹا۔