
اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت سرکاری زمینوں اور جائیدادوں کو مناسب طور پر بروئے کار لانے کے حوالہ سے وزیرِاعظم آفس میں انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، سیکرٹری ہاوسنگ ڈاکٹر عمران زیب خان و دیگر افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر سرکاری املاک کی نشاندہی اور ان کے مستقبل کے استعمال کے حوالہ سے قائم کی گئی کمیٹی کی اب تک کی پیشرفت سے وزیرِاعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اب تک وفاقی حکومت کی 1412 پراپرٹیز کی نشاندہی کی جا چکی ہے جن میں سے 112 املاک کی تصدیق کی جا چکی ہے جس کا رقبہ 44350 کنال اور مالیت اربوں روپے ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں اب تک 44350 کنال پر مشتمل 43 پراپرٹیز جبکہ خیبرپختونخوا میں 91 املاک کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔