وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

232

اسلام آباد ۔ 4 نومبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم عمران خان اور حکومت کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی تاریخی اصلاحات ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گی، وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ پیر کو وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس ایک قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ہم، حکومت کی تمام اتحادی جماعتیں، موجودہ حکومت اور وزیرِاعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ موجودہ حکومت کی تاریخی اصلاحات ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گی، ہم متفقہ طور پر وزیرِاعظم اور حکومت کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، ہم پارلیمنٹ کو جمہوری اقدار کے مطابق بدستور فعال رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کا کردار اہم تھا اور ہم اس پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔ قرارداد میں پاکستان کو درپیش معاشی، سفارتی، انتظامی اور دیگر چیلنجز سے نبردآزماءہونے کےلئے وزیرِاعظم اور حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ انشاءاللہ وزیرِاعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کو مدینہ کی ریاست کی طرز پر اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔