اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے ریگولیٹری اداروں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، فریکیونسی ایلوکیشن بورڈ، اوگرا، نیپرا اور پیپرا کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاسپورٹ سے پیشے کا خانہ ختم کرنے اور دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو الیکشن کے عمل میں بھرپور حصہ لینے اور انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کی اصولی منظوری دیدی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ آٹے اور گندم کی دستیابی کی صورتحال پر نظر رکھی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک کے کسی علاقے میں مصنوعی قلت پیدا نہ کی جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعرات کو یہاں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ کابینہ نے ای سی سی کے 17جولائی 2019کے فیصلوں کی توثیق کی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک کے کسی حصے میں آٹے کی قیمت میں اضافہ نہ ہو اور آٹے کی قیمت پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آٹے اور گندم کی دستیابی کی صورتحال پر بھی نظر رکھی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک کے کسی علاقے میں مصنوعی قلت پیدا نہ کی جا سکے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ مندرجہ ذیل ریگولیٹری اداروں کو تا حکم ثانی کابینہ ڈویژن کے ماتحت کر دیا جائے تاکہ یہ ادارے بغیر کسی مداخلت اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے سکیں۔ ان اداروں میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، فریکیونسی ایلوکیشن بورڈ، اوگرا، نیپرا اور پیپرا شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے معاونت سے ملک میں ریگولیشنز اور ریگولیٹری اداروں کا کردار ممکنہ حد تک محدود کیا جائے تاکہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے اور ریگولیشن کی مد میںحائل رکاوٹوں کو موثر طریقے سے دور کیا جا سکے۔