
اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ممبرانِ قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے، ان مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری اور منورہ بی بی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزیرِاعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق، ملک محمد عامر ڈوگر اور سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف ارشد داد بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر صوبہ بلوچستان میں پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ بلوچستان سے متعلقہ ترقیاتی امور، پانی کی فراہمی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔