وزیرِاعظم محمد شہبازشریف آج باکو میں مصروف دن گزاریں گے

150
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

باکو۔12نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف آج (منگل کو)باکو میں مصروف دن گزاریں گے۔ پی ایم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کانفرنس آف پارٹیز کے 29ویں کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس (کاپ۔29) کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے منعقدہ کلائمیٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی کریں گے جس میں متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے۔

وزیرِ اعظم ترقی پذیر ممالک ’جن کا زہریلی اور ماحول کو آلودہ کرنے والی گیسوں کے اخراج میں کم ترین حصہ ہے مگر وہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے دوچار ہیں، بالخصوص پاکستان کے چیلنجز پر روشنی ڈالیں گے۔ وزیرِ اعظم اس کے ساتھ ساتھ تاجک صدر امام علی رحمٰن کی جانب سے گلیشئرز کے تحفظ کےلئے منعقدہ اعلیٰ سطح کی تقریب "گلیشئرز 2025: گلیشئرز کےلئے اقدامات ” میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیرِ اعظم کاپ۔29 میں شرکت کےلئے آئے ڈنمارک اور چیک ریپبلک کے وزرائے اعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے جہاں نہ صرف باہمی تعلقات کے فروغ پر گفتگو ہوگی بلکہ وزیرِاعظم پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے لاحق خطرات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔