لاہور۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے لاہور میں ملاقات کی ہے، ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتصی وہاب شریک تھے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، سینئر رہنما رانا ثنا اللہ بھی ملاقات میں شامل تھے۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا ہے۔
ملاقات کے لئے آئے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کیا۔