راولپنڈی۔31مئی (اے پی پی):وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور فیکلٹی و فارغ التحصیل ہونے والے افسران سے خطاب کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق وزیرِاعظم نے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کے دوران پاک افواج کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ان کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے مثالی کردارکو قوم کی جانب سے بے حد سراہا گیا ہے۔وزیرِاعظم نے ملک کی خودمختاری، سرحدی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ میں مسلح افواج کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا اور حکومت کی جانب سے فوج کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی مفادات کے حصول اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام قومی قوتوں کے درمیان ہم آہنگی اور اشتراکِ عمل نہایت ضروری ہے۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت نے اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی مہم کو تیز کر دیا ہے۔
وزیرِاعظم نے عزم ظاہر کیا کہ بھارت اور اس کی پراکسی ’’فتنہ الہندستان‘‘ کی تمام مذموم سازشوں کو پاکستانی قوم ان شاءاللہ ناکام بنائے گی۔اس سے قبل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج آمد پر وزیرِاعظم کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603798