وزیرِ اعظم آج اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس اورچشمہ۔5 نیوکلئیر پاور پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھیں

212

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج(جمعہ کو) اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس اورچشمہ۔5 نیوکلئیر پاور پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ کیمپس تعمیر کے بعد پاکستان میں ٹیکنیکل اور صنعتی تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔اس وقت نیوٹیک یونیورسٹی کے تحت جدید علوم میں 7 گریجویٹ پروگرام کروائے جارہے ہیں۔

رواں سال یونیورسٹی مزید گریجویٹ اور ماسٹرز پروگرامز کا آغاز کرے گی۔وزیرِ اعظم آج یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا بھی آغاز کریں گے۔ پروگرام کے تحت پاکستان کے نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر افرادی قوت سے مقابلے کیلئے تیار کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے انہیں صنعتوں کی طلب کے مطابق جدید ہنر سکھائے جائیں گے۔ این اے وی ٹی ٹی سی اپنے مقامی و بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے 2023 سے 2027 تک 19.33 ارب روپے کی لاگت سے 2 لاکھ 84 ہزار سے زائد نوجوانوں کو جدید مسابقتی ہنر میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گا۔

یہ پروگرام نوجوانوں کو نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر روزگار کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔وزیرِ اعظم اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج چشمہ۔5 نیوکلئیر پاور پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کے نتیجے میں چشمہ نیوکلئیر پاور پلانٹ یونٹ۔ 5 کی نہ صرف لاگت میں کمی کی گئی بلکہ اس کی استعداد کو 1100 میگاواٹ سے بڑھا کر 1200 میگاواٹ کر دیا گیا ہے۔

چشمہ۔5 جس کے معاہدے پر 2017 میں دستخط ہوئے، گزشتہ 5 برس التوا کا شکار رہا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے ملک میں کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کے وژن کے تحت اس منصوبے پر کام کو دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔وزیرِ اعظم اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔