اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج(منگل کو) سپیشل اکنامک زون کاسنگ بنیاد،ملک بھر میں کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کو کھیلوں میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اسلام آباد میں وزیرِ اعظم یوتھ سپورٹس انیشی ایٹوکا آغاز کریں گے۔
وزیر اعظم آفس میڈیا و گ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم یوتھ سپورٹس ترقیاتی اقدامات کے تحت، وزیرِ اعظم پاکستان میں کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں کیلئے تیار کرنے کیلئے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کا اجراء کریں گے۔اس کے علاوہ وزیرِ اعظم اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی سپورٹس یونیورسٹی، بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی مدد کیلئے ایلیٹ سپورٹس پرسن ڈویلپمنٹ پروگرام اور مقامی کھیلوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر تیزی سے شہرت پا رہی ای-سپورٹس کے فروغ کے اقدامات کا بھی اجراء کریں گے۔وزیرِ اعظم تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیرِ اعظم آج اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے موبائل فونز کیلئے عارضی-رجسٹریشن-نظام کا اجراء کریں گے۔سمندر پار پاکستانیوں کی نشاندہی پر ان کے پاکستان میں قیام کے دوران ذاتی موبائل فون پر ٹیکس کی معیاد کو 2 ماہ سے بڑھا کر 120 دن کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے لئے ایک خودکار نظام کا اجراء کیا جا رہا ہے جو ان کے آئی ایم ای آئی کو پاکستان کے عارضی دوروں کے دوران بلاک ہونے اور انہیں اضافی ٹیکس جمع کرانے سے بچائے گا۔وزیرِ اعظم اس موقع پر گفتگو بھی کریں گے۔
وزیرِ اعظم آج اسلام آباد ماڈل اسپیشل اکنامک زون کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔اسلام آباد ماڈل اسپیشل اکنامک زون وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے ملک کی صنعتی ترقی کے ویژن کے عین مطابق ملک کے شمالی حصے میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کو صنعتوں کے قیام کا موقع دے گا۔ اس اکنامک زون سے روزگار کے 10 ہزار سے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔وزیرِ اعظم تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔