اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج منگل کو اسلام آباد میں صحافیوں، میڈیا ورکرز، فنکاروں اور ٹیکنیکل ریسورس کے لئے ہیلتھ انشورنش کارڈ کے اجرا و فراہمی اور ’’پاکستان کوڈ، ڈیجیٹل ریپازٹری آف فیڈرل لاز‘‘موبائل ایپ اور ویب سائٹ کا اجرا کریں گے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ہیلتھ انشورنس کارڈ کے تحت ملک بھر میں 1200 ہسپتالوں میں سالانہ 15 لاکھ روپے کی کارپوریٹ ہیلتھ انشورنس سے صحافی، میڈیا ورکرز، فنکار اور ٹیکنیکل ریسورس عالمی معیار کی صحت کی سہولیات مفت حاصل کر سکیں گے۔
پاکستان کوڈ ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے ججز، وکلا ، قانونی ماہرین، قانون کے طالب علم، حکومتی اہلکار اور عام عوام ہر قسم کے وفاقی قوانین تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔ وزیرِ اعظم تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔