اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف آج قطر کے 2 روزہ سرکاری دورہ پر روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم آج2 روزہ (23 تا 24 اگست) دورہِ قطر کیلئے اسلام آباد سے دوحہ روانہ ہوں گے۔وزیرِ اعظم امیرِ قطرشیخ تمیم بن حمد آلثانی کی دعوت پر قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم کا دورہءِ قطر، پاکستان قطر دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امن کیلئے دونوں ملکوں کے تعاون کے فروغ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وزارتِ عظمی سنبھالنے کے بعد وزیرِ اعظم کے پہلے دورہءِ قطر کے دوران پاکستان میں زراعت، قابلِ تجدید توانائی،ہوابازی، انفراسٹرکچر، سیاحت، لائف اسٹاک، اشیاء خوردنوش کی برآمدی صنعت و دیگر شعبوں میں قطری سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ دورہ قطر کے دوران وزیرِ اعظم امیرِ قطر اور قطر کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے