وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو خراج عقیدت

183

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 25ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل کے محاذ پر بے مثال بہادری، جرات اور شجاعت کا مظاہرہ کیا جس کی دشمن بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکا۔

کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کیلئے جان کی پرواہ کئے بغیر لڑنے کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں۔افواجِ پاکستان کی اس ملک کے دفاع کی خاطر لازوال قربانیاں ہیں۔ مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ملک کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتی ہے۔