وزیراعظم شہبازشریف کی باجوڑ جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت ، مولانا فضل الرحمن ، قائدین اور کارکنوں سے اظہار تعزیت

229
محمد شہباز شریف

لاہور۔30جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے باجوڑ میں جمعیت علماءاسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، قائدین اور کارکنوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

محمد شہباز شریف نے جے یو آئی خار کے امیر مولانا ضیاءاللہ جان سمیت دیگر عہدیداروں اور کارکنوں کی شہادت پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے اسلام، قرآن اور پاکستان کی بات کرنے والوں کو نشانہ بنایا ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، پاکستان کے دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹادیں گے ۔

وزیراعظم نے وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ اور خیبرپختونخوا کی حکومت سے رپورٹ طلب کرلیتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جیو کے کیمرہ مین سمیع اللہ سمیت دھماکے میں زخمی ہونے والوں سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ۔