وزیرِ اعظم شہباز شریف کی بلیلی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کی گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنانے کی مذمت

208

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کی گاڑی پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے واقعہ میں پولیس اہلکار سمیت اور ایک بچے کی شہادت پر دلی دکھ کااظہار کرتےہوئے کہا کہ پولیو اہلکار ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر یہ فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، جس پر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر ملک سے پولیو کے خاتمے کی اس مہم کو روکنے میں ہمیشہ ناکام رہیں گے اور پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیو اہلکار شرپسند عناصر کی ان مذموم کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیرِ اعظم نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔