اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صوابی میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کےواقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔پرائم منسٹر آفس پریس ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جام شہادت نوش کرنے دو پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔
انہوں نے واقعہ کی تحقیقات اور ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،پولیس کے افسران و جوان دہشتگردی کی جنگ میں وطن عزیز کو اس ناسور سے پاک کرنے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو دہشتگردوں کے وطن عزیز کیلئے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے والے اپنے پولیس کے افسران و جوانوں پر فخر ہے۔