وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن عمر ایوب خان، اکبر ایوب خان، ارشد ایوب خان اور یوسف ایوب خان نے ملاقات کی

120

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں سیاحت کے فروغ، کم لاگت رہائش کی فراہمی اور ڈیجیٹل سٹی کے قیام کیلئے منصوبوں کی تجاویز کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے۔ جمعہ کو وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن عمر ایوب خان، اکبر ایوب خان، ارشد ایوب خان اور یوسف ایوب خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملاقات میں سینیٹر فیصل جاوید بھی موجودتھے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم کو ہری پور میں جاری منصوبوں پر پیش رفت اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں بالخصوص کھلا بٹ کو ماڈل ٹاؤن بنانے کے منصوبے سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم کو ہری پور میں ہیلتھ کارڈ کی عوامی پزیرائی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم نے پی ٹی سی ایل اور ٹیلی کمیونیکیشن انڈیسٹریز پاکستان کے ملازمین کے مسائل کو جلد حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیرِ اعظم نے ہری پور میں سیاحت کے فروغ، کم لاگت رہائش کی فراہمی اور ڈیجیٹل سٹی کے قیام کیلئے منصوبوں کی تجاویز کو سراہا اور جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔