وزیرِ اعظم عمران خان نے دلیرانہ فیصلہ کرکے ثابت کیا کہ چیمپین ہمیشہ چیمپین رہتا ہے ، علی نواز اعوان کا آبپارہ کمیونٹی سینٹر دوبارہ کھولنے کی تقریب سے خطاب

95
سیکٹر ای 12 میں ترقیاتی کام تیز کردیا گیا ہے ، اتھارٹی نے متاثرین زمین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کر دی ہے، معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ آج 4 سال بعد سیکٹر جی سکس کا کمیونٹی سنٹر کھل گیا ہے اس سے شہر کے سرکاری ملازمین مستفید ہوں گے، ، وزیرِ اعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لینے کا دلیرانہ فیصلہ کرکے ثابت کیا ہے کہ چیمپین ہمیشہ چیمپین ہی رہتا ہے اور وہ ان شا اللہ سر خرو ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس آبپارہ مارکیٹ کے قریب واقع کمیونٹی سینٹر کو 4 سال بعد دوبارہ کھولنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سنٹر سرکاری ملازمین کے لئے کثیرالمقاصد سہولیات سے مزین ہوتا ہے اور کم آمدنی والے سرکاری ملازمین اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹر کی بحالی اور تعمیر ِ نو پر 3 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے اورایک ماہ کے قلیل عرصے میں اس کا کھلنا ثابت کرتا ہے کہ اگر لیڈر شپ ہو تو کام کروایا جا سکتا ہے۔ سینیٹ کے الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پاکستان میں شفاف انتخابات کی کوششوں کی تمام راہیں مسدود کر رکھی ہیں اور وہ ہر الیکشن پیسے کے بل بوتے پر لڑنا اور جیتنا جانتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی فتح نے ثابت کر دیا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ محض فریب ہے وہ صرف نوٹ کو عزت دینا جانتے ہیں۔ انہیں شفاف الیکشن سے کوئی سرکار نہیں۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ مریم نواز نے کتنی ڈھٹائی سے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ن لیگ کے ٹکٹ اور زرداری کے پیسے سے جیتے ہیں یہ کتنی بے شرمی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں سٹیٹس کو کی حامی ہیں اور عمران خان وہ واحد شخص ہیں جنہوں نے اس سٹیٹس کو چیلنج کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لینے کا دلیرانہ فیصلہ کرکے ثابت کیاکہ چیمپین ہمیشہ چیمپین ہی رہتا ہے اور وہ اس امتحان میں بھی انشا اللہ سر خرو ہوں گے۔ وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ ہم نے اسلام آبادمیں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے اور دیہی اور شہری علاقوں میں بلا تفریق کام کروا رہے ہیں ۔ کورنگ برج کی تعمیرِ نو اور پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج پر کام جاری ہے ۔

سیونتھ ایونیو پر انٹر چینج کا ٹینڈر ہوگیا ہے ا ور بہت جلد کام کا آغاز ہو جائے گا۔ قبل ازیں انہوں نے 4 سال سے بند کمیونٹی سینٹر کا تعمیر و بحالی کے بعدافتتاح کیا اور سینٹر میں موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس سے قبل انہوں نے آبپارہ مارکیٹ اور میلوڈی کو ملانے والی سڑک بھی کھلوائی جو ایک سال سے زیادہ عرصے سے بند تھی۔

تقریب سے ایم سی آئی کے نمائندوں انجم شہزاد تنولی، شیراز کیانی نے بھی خطاب کیا اور کمیونٹی سنٹر کے افتتاح، سٹریٹ لائٹس کی بحالی، کھیل کے میدانوں کی بحالی اور مختلف سیکٹروں میں سڑکوں اور گلیوں کی ری۔کارپٹنگ کے کاموں کو خصوصی دلچسپی لے کر پایا تکمیل تک پہنچانے پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔