وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت، معیشت کے دیگر اہم شعبہ جات میں چین سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی غور

90

اسلام آباد ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی)وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت بدھ کو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داود، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی اوردیگر سینئر افسران نے شرکتِ کی۔ اجلاس میں سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کے ساتھ ساتھ معیشت کے دیگر اہم شعبہ جات میں دوست ملک چین سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ڈیجیٹل پے منٹ، بیٹری سٹوریج ریسرچ، زرعی آلات کی مینوفیکچرنگ، ڈرون ٹیکنالوجی، سولر سیل مینوفیکچرنگ اور نباتات و حیوانات سے متعلق ریسرچ جیسے اہم شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور معیشت کے اہم شعبوں کی ترقی کے لئے پاک چین دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے۔ وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے اجلاس کو سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت اور مختلف منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔