وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی مزید بہتری کے حوالے سے سپیکٹرم نیلامی کے حوالے سے اجلاس

113

اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان نے مختلف موبائل کمپنیوں کی جانب سے مزید سپیکٹرم حاصل کرنے میں دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سپیکٹرم کی فروخت کا عمل نہایت شفاف طریقہ کار اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، موبائل نیٹ ورکس اور انٹرنیٹ سروسز کی بہتری ملک کے مفاد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ملک میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی مزید بہتری کے حوالے سے سپیکٹرم نیلامی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق، وزیرِ صنعت محمد حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، چئیرمین پی ٹی اے ، ایگزیکیٹو ڈائریکٹر فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ موجود تھے۔ وزیرِ اعظم کو مختلف موبائل کمپنیوں کی جانب سے نیٹ ورک کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مزید سپیکٹرم کے حصول کی درخواست اور اس حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موبائل نیٹ ورکس اور انٹرنیٹ سروسز کی بہتری ملک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ کی سروسز کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے مختلف کمپنیوں کی جانب سے مزید سپیکٹرم حاصل کرنے میں دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سپیکٹرم کی فروخت کا عمل نہایت شفاف طریقہ کار اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔