اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج (بدھ کو)تھرپارکر سندھ کے ایک روزہ دورہ کے دوران تاریخی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف تھرپارکر میں 1320 میگاواٹ شنگھائی الیکٹرک اور 330 میگاواٹ تھل نوا تھر منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ تھر کے کوئلے سے چلنے والے ان منصوبوں سے سالانہ 11.24 ارب کم لاگت بجلی کے یونٹ پیدا ہوں گے۔ 3.53 ارب ڈالر کی مجموعی براہ راست سرمایہ کاری سے تعمیر ہونے والے ان منصوبوں کے افتتاح سے تھر کے کوئلے سے بجلی کی موجودہ پیداوار بڑھ کر 3300 میگاواٹ ہو جائے گی۔
گزشتہ چار سال میں ان منصوبوں کو تعطل کا شکار رکھا گیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ان منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح بنایا گیا۔ وزیرِاعظم اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔