اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ سے متعلق طلباء کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایت رکن قومی اسمبلی زہرہ ودود فاطمی سے ملاقات کے دوران کی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق زہرہ ودود فاطمی نے انہیں وزیرِاعظم کے خصوصی اقدامات برائے بااختیار خواتین کے اجراء پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
زہرہ ودود فاطمی نے وزیرِاعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت پاکستان کے باصلاحت نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپس، وظائف، بلاسود قرضوں اور انٹرپرینیورشپ کے پرگراموں کے اجراء پر بھی مبارکباد پیش کی۔ زہرہ ودود فاطمی نے وزیرِ اعظم کو میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ ) سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو (ایم ڈی کیٹ)طلبہ کے تمام مسائل کو جلد حل کرنے کی ہدایت جاری کی۔